بیجنگ:
چین کے دارالحکومت میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد 10 مزید مقامات کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے دارالحکومت میں کورونا وائرس کے خاتمے کے دو ماہ بعد 11 نئے مریضوں کی تشخیص ہونے پر لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا جس میں ایک مارکیٹ کو مکمل طور پر بند کیا گیا تھا تاہم 25 نئے مریضوں کی تشخیص کے بعد اب مزید 10 مقامات کو بند کردیا گیا ہے۔
چین میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے 49 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 36 بیجنگ میں ہیں۔ بیجنگ میں کورونا وائرس کی نئی لہر ایک مارکیٹ سے شروع سے ہوئی اور تمام متاثرین اس مارکیٹ میں آئے تھے جسے پہلے ہی بند کردیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کے نئے مریض سامنے آنے پر دارالحکومت بیجنگ اور اس کے اطراف کے 10 رہائشی علاقوں میں سخت لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے اور کسی کو اس علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ اسکول کھولنے کی اجازت کو بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی ابتدا گزشتہ برس اکتوبر میں چین کے شہر ووہان سے ہوئی اور پوری دنیا میں پھیل گئی ہے تاہم چین نے 2 ماہ قبل کورونا وائرس پر مکمل طور پر قابو پانے کا دعویٰ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن ختم کردیا تھا۔