نیویارک میں تاریخی زلزلہ، عمارتیںلرز اٹھیں، لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے

0
9

نیویارک (پاکستان نیوز)امریکی ریاست نیو جرسی میں آنے والے 4.8 شدت کے زلزلے نے نیویارک شہر کو ہلا کر رکھ دیا تاہم زلزلے کے جھٹکوں سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔نیویارک میں موجود ”پاکستان نیوز” کے آفس میں بھی شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ، پبلشر ”پاکستان نیوز” مجیب لودھی کے مطابق زلزلہ کے جھٹکے اس قدر شدید تھے کہ لوگ خوف و ہراس میں سڑکوں پر نکل آئے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق امریکا میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کا مرکز ریاست نیو جرسی تھا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 4.8 ریکارڈ کی گئی تاہم یورپیئن مڈیٹرینیئن سیسمولوجیکل سینٹر کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 تھی۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق نیویارک میں زلزلے کے جھٹکوں کے دوران بروک لین کی عمارتیں لرزنے لگیں اور اس دوران الماری کے دروازی بھی دھڑ دھڑاتے رہے۔نیویارک میں اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں غزہ پر قرارداد زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کے سبب تھوڑی دیر کے لیے موخر کردی گئی۔اجلاس میں اس وقت سیو دی چلڈرن کی نمائندہ جینتی سورپتو گفتگو کررہی تھیں جنہوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد گفتگو کے دوران ہی خوف سے سوال کیا کہ کیا یہ کوئی زلزلہ ہے۔سوشل میڈیا صارفین کے مطابق زلزلے کے جھٹکے فلڈیلفیا سے نیویارک اور مشرق کی جانب جزیروں میں بھی محسوس کیے گئے۔مشہور زمانہ امپائر اسٹیٹ بلڈنگ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ ‘میں ٹھیک ہوں۔نیویارک کی 38سالہ چریتا وال کوٹ نے بتایاکہ زلزلے کے جھٹکے 30 سیکنڈ کے قریب محسوس کیے گئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here