بیجنگ،اسلام آباد،ٹوکیو(پاکستان نیوز)چین نے کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان زائو لیجیان نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا ہم دہشتگردی کی ہر طرح سے مخالفت اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور قومی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے زخمیوں اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔پاکستان میں امریکی سفارتخانے نے دہشتگرد حملہ کی شدید مذمت کی اور کہادہشت گرد حملے میں جاں بحق اور زخمی افراد کے لیے دعا گو ہیں، ہمارا ملک دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔برطانوی ہائی کمشنرکرسٹن ٹرنرنے کہا پاکستان اس حملے سے غیر مستحکم نہیں ہوگا۔آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے کہا پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ترک سفیر نے کہا کراچی سٹاک ایکسچینج حملے کی شدید مذمت اور پاکستان کی سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہیں۔کینیڈین ہائی کمشنر نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔جاپانی سفیر متسو دا کونینوری نے کہا دہشتگرد حملے کے متاثرین سے دلی تعزیت اور اظہار ہمدردی کرتے ہیں،حملہ اس وقت ہوا جب پاکستان تیزی سے امن واستحکام کی جانب گامزن ہے ،جاپان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی حکومت ، سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔