ریاض:
سعودی عرب نے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے 3 میزائلز اور 8 ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنا دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں نے یمن کی سرحد سے سعودی دارالحکومت ریاض کی جانب 3 میزائل داغے تاہم سعودی فضائیہ نے کے متحرک اور سبک رفتار دفاعی نظام نے میزائل کو فضا میں ہی نشانہ بنا کر تباہ کردیا اور ملک کو بڑی تباہی سے بچالیا۔
اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ علی الصبح حوثی باغیوں نے یمن کے شہر صعدہ سے 3 میزائل سے شہری آبادی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تاہم بروقت ردعمل دیتے ہوئے میزائل کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا گیا۔
کرنل ترکی المالکی نے مزید بتایا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 8 بارود بردار ڈرون حملے بھی کیے گئے، یہ حملے جازان اور نجران کی شہری آبادیوں پر کیے گئے تاہم اتحادی افواج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ڈرونز کو مار گرایا۔
واضح رہے کہ یمن میں سعودی سربراہی میں قائم اتھادی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ 4 سال سے جاری ہے تاہم اب اس میں شدت آتی جارہی ہے اور باغی یمنی سرحد سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرونز حملے بھی کر رہے ہیں جنہیں ہر بار ہی فضا میں ناکارہ بنا کر سعودی فضائیہ نے دلیری سے ملک کو بڑے نقصان سے بچایا۔