نیو میکسیو:
امریکی ریاست نیو میکسیکو میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہینڈ سینی ٹائزر پینے والے 3 افراد ہلاک اور ایک کی ہمیشہ کے لیے بینائی چلی گئی جب کہ 3 کی حالت نازک ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں کورونا وبا کے خوف میں مبتلا افراد گھریلو ٹوٹکوں پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان افراد نے سینی ٹائزر کو کورونا کا علاج سمجھ کر اسے پی لیا تھا۔ ان افراد میں میتھانول اور الکوحل کی زیادتی پائی گئی ہے۔
نیو میکسیکو کے محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہینڈ سینی ٹائزر پینے سے ہلاک ہونے والوں میں میتھانول کی وجہ سے ایک کی بینائی بھی چلی گئی ہے جب کہ 3 کی حالت تشویشناک ہے جو زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ سینی ٹائزر کے بے جا استعمال سے گریز کریں اور اسے ہرگز نہ پیئیں۔
قبل ازیں امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے میکسیکو کی ایک کمپنی کی ہینڈ سینی ٹائزرز کی 9 مصنوعات پر پابندی عائد کرتے ہوئے کمپنی کو تمام پروڈکٹس مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت کی تھی۔