معروف عالم دین و پاکستان نیوز کے لکھاری مفتی قمرخالق حقیقی سے جا ملے

0
62

نیویارک (پاکستان نیوز) معروف عالم دین اور پاکستان نیوز کے لکھاری مفتی عبدالرحمان قمر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم گذشتہ کچھ عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور دو ہفتوں سے لانگ آئی لینڈ، نیویارک کے ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔مفتی عبدالرحمن قمر گذشتہ دو دہائیوں سے ہفت روزہ پاکستان نیوز میں تسلسل سے کالم تحریر کر رہے تھے اور دین کے اہم مسائل کو اپنے قلم کے ذریعے ہزاروں میل دور بیٹھے قارئین کی رہنمائی فرما رہے تھے۔ مفتی عبدالرحمان قمر نیویارک کے علاقے کوینز میں المدنی مسجد کے بانی اور خطیب بھی تھے ۔وہ 1988کے بعد امریکہ منتقل ہوئے اور امریکہ میں مستقل سکونت اختیار کر لی ۔نیویارک میں قیام کے بعد انہوں نے المدنی مسجد قائم کی اور اسے دینی خدمات کا مرکز بنایا اور خطیب اور امام کے طور پر تین دہائیوں سے امریکہ میں دینی خدمات انجام دیتے رہے ۔پاکستان نیوز کی تمام ٹیم نے ان کے انتقال پر ملال پر دلی دکھ کا اظہار کیا اور مسلم کمیونٹی کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی کے علماکرام اور کمیونٹی کی جانب سے مفتی عبدالرحمان قمر کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کمیونٹی ایک عظیم دینی شخصیت سے محروم ہو گئی ہے ۔ مفتی عبدالرحمان قمر کے پسماندگان میں نو بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں ۔ ان کے خاندان میں دو نسلوں سے حفاظ کرام کا سلسلہ جاری ہے ۔یاد رہے کہ مفتی عبدالرحمان قمر ایک دینی شخصیت کے طور پر سابق صدر جنرل ضیاالحق کے قریب سمجھے جاتے تھے ، سابق صدر قرآت اور دینی تعلیمات کے حوالے سے ان کا احترام کرتے تھے ۔پاکستان کے سابق صدر جنرل ضیاالحق کے دور میں ایوان صدر کے سرکاری قاری اور سابق مشیر برائے مذہبی امور پر فائز رہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here