پیانگ یانگ:
شمالی کوریا نے مختصر فاصلے پر مار کرنے والے ایٹمی صلاحیت کے حامل میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے شارٹ رینج ایٹمی صلاحیت کے حامل میزائلوں کا تجربہ صبح کے وقت کیا گیا، شمالی کوریا کے مشرقی ساحلی علاقے وانسن کے قریب جزیرہ نما ہوڈو سے شمال مشرق کی جانب متعدد میزائل کا تجربہ کیا گیا ہے جب کہ میزائلوں نے جاپان کے سمندر کی جانب 70 سے 200 کلو میٹر تک پرواز کی۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ پیانگ یانگ کی جانب سے بھی ’ ٹیکٹیکل گائیڈڈ میزائل‘ کے تجربے کا بیان سامنے آیا تھا جب کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے خود اس کا معائنہ کیا تھا۔
شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایسا چھوٹا ایٹمی بم تیار کر چکا ہے جو دور ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل میں نصب کیا جا سکتا ہے اور وہ امریکا تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
واضح رہے گذشتہ برس کم جونگ ان نے کہا تھا کہ وہ جوہری تجربات کو روک دیں گے اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ نہیں کیا جائے گا لیکن ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ویتنام میں ہونے والی ملاقات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہوئی تھی جس کے بعد شمالی کوریا کی جانب سے یہ تجربہ کیا گیا۔