ویلنگٹن:
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈرا آرڈن نے اپنے دوست کلارک گیفورڈ سے منگنی کر لی ہے اور دونوں جلد ہی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی 38 سالہ وزیراعظم جیسنڈرا آرڈن نے اپنے 41 سالہ دوست کلارک گیفورڈ سے طویل رفاقت کے بعد منگنی کرلی ہے اور ایسٹر کی تعطیلات کے بعد دونوں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے تاہم ابھی شادی کی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے۔
جیسنڈرا آرڈن اور ان کے دوست کلارک طویل عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ رہے ہیں اور دونوں نے کبھی اپنے اس رشتے کو چھپایا نہیں، اسی دوران بیٹی کی ولادت بھی ہوئی جس پر دونوں نے بیٹی کو اپنے رشتے میں مضبوطی کا موجب قرار دیا۔
وزیراعظم جیسنڈرا آرڈن کے منگیتر کلارک گیفورڈ شوبز سے تعلق رکھتے ہیں اور ایک چینل میں شو بھی کرتے ہیں تاہم بیٹی کی پیدائش کے بعد سے وہ گھر پر بچی کی پرورش کی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں اور ایک ذمہ دار باپ کا کردار ادا رہے ہیں۔
صحافی جیسنڈرا آرڈن کے ہاتھ میں خوبصورت اور قیمتی ’ انگوٹھی‘ کی موجودگی سے منگنی کی جانب متوجہ ہوئے جس پر وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے زندگی کے اس اہم فیصلے کی تصدیق کی۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈرا آرڈن نے کرائسٹ چرچ دھماکوں میں غمزدہ مسلمانوں کی دل جوئی کے باعث عالمی شہرت حاصل کی اور انہیں ایک رحم دل، ذمہ دار اور غم گسار حکمراں کی حیثیت سے جانا جانے لگا۔