اسلام آباد(پاکستان نیوز) پاکستان ایئر فورس نے برطانیہ میں ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے ملٹری ایئر شو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو میں دو بڑے اعزازات جیت کر عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان ائیر فورس کے فنکارانہ طور پر سجائے گئے Cـ130H طیارے نے Concours d’Elegance مقابلے میں پہلا انعام حاصل کیا، جس کا مقصد طیاروں کی خوبصورتی، پیشکش اور دیکھ بھال کا عالمی معیار جانچنا ہوتا ہے۔ اس منفرد پینٹنگ میں شاہین کی آنکھوں اور چونچ کی عکاسی کی گئی، جو پاکستانی فضائی جذبے کی علامت ہے۔دوسری جانب پاکستان کے جدید ترین جنگی طیارے JFـ17C Block III نے اپنی شاندار اسکیم اور پاکستان سے برطانیہ تک مسلسل ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ کے ذریعے کیے گئے غیر معمولی سفر کی بنیاد پر RIAT کا سب سے بڑا اعزاز “اسپرٹ آف دی میٹ ٹرافی” جیت لیا۔ یہ ایوارڈ اْس طیارے یا عملے کو دیا جاتا ہے جو شو کے جذبے، تکنیکی صلاحیت اور بین الاقوامی پیشکش میں سب سے نمایاں ہو۔پاکستان ایئر فورس کی یہ دونوں کامیابیاں نہ صرف اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت شناخت کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔








