واشنگٹن(پاکستان نیوز) جریدے فارن پالیسی نے لداخ میں چین کے ہاتھوں پسپائی کے بعد بھارت کی پڑوسی ملک پاکستان سے لڑائی کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ فارن پالیسی کے مطابق بھارت ہمیشہ معاشی اور دیگر اندرونی مسائل اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پر کشیدگی بڑھاتا ہے۔ فارن پالیسی میں شائع مضمون میں کہا گیا ہے کہ لداخ میں چین کے ہاتھوں شرمندگی پربھارتی حکومت کوکئی سوالوں کا سامنا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی عوام کی دوبارہ حمایت حاصل کرنے کیلئے اپنے روایتی حریف پاکستان سے لڑائی کرسکتے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے پاکستان اوربھارت کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں اور دونوں ممالک نے سفارتی عملے میں پچاس فیصدکمی کردی ہے۔امریکی جریدے کے مطابق حالیہ برسوں میں پاکستان اورامریکہ کے تعلقات مستحکم ہوئے ہیں، بہتری کی وجہ پاکستان کا افغان طالبان اور امریکہ معاہدے میں کردار ہے جبکہ صدرٹرمپ تین مرتبہ پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے کیلئے ثالثی کی پیشکش کرچکے ہیں۔