لاہور(پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ اگر وزیر کے پاس ترامیم کا ڈرافٹ نہیں تو بتائیں کہ یہ نسخہ کیمیا کہاں سے آیا؟ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ وزیرِ قانون خود فرما رہے تھے کہ ان کے پاس کوئی دستاویز نہیں ہے، اگر وزیرِ قانون کو پتہ نہیں تو پھر یہ ڈرافٹ کہاں سے آیا؟ انہوں نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ افسوس پپیلز پارٹی اور بلاول بھٹو پر ہے، ان کے پاس ترامیم کا سارا مسودہ موجود تھا، مجھے افسوس ہے کہ پارلیمنٹ کو مذاق بنانے کی کوشش کی گئی۔ اسد قیصر کا کہنا ہے کہ جناب اسپیکر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے گرفتار ارکان کا پروڈکشن آرڈر جاری کیا، میں پی ٹی آئی کے ارکان کی بہادری اور جرات کو سلام پیش کرتا ہوں، خاص طور پر مولانا فضل الرحمن کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں۔