واشنگٹن(پاکستان نیوز) انتخابات میں سینیٹر برنی سینڈرز کی پیشگوئی درست ثابت ہونے لگی، انہوں نے کہا تھا کہ انتخابات میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ڈالے گئے لاکھوں ووٹوں کی گنتی کے لیے وقت درکار ہوگا۔ سینیٹر برنی سینڈرز نے پیشگوئی کی تھی کہ بیشتر ڈیموکریٹس ڈاک کے ذریعے ووٹ کریں گے جبکہ ریپبلکنز ووٹنگ کے لیے پولنگ بوتھ آئیں گے۔ برنی سینڈرز کا کہنا تھا کہ الیکشن کی رات ایسا لگے گا کہ ٹرمپ وسکونسن، پنسلوانیا اور مشیگن میں جیت رہے ہیں، لیکن جب دوسرے دن ڈاک کے ذریعے آئے ووٹ گنے جائیں گے تو پتا چلے گا بائیڈن جیت گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ شور مچائیں گے کہ دیکھا انہوں نے کہا تھا نہ کہ دھاندلی ہوئی ہے۔ امریکی انتخابات فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگئے، ووٹوں کی گنتی جاری ہے، ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر اب تک سبقت حاصل ہے۔ نیٹ ورکس کے مطابق ڈیموکریٹ نے ایوان نمائندگان میں اکثریت برقرار رکھی ہے، جوبائیڈن نے 238 جبکہ ڈونلڈٹرمپ نے 213 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیئے ہیں۔ فلوریڈا، اوہایو، میسوری ، الاباما، انڈیانا، نارتھ اور ساو?تھ ڈکوٹا سمیت 22 ریاستوں میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو برتری حاصل ہے۔ کیلی فورنیا، واشنگٹن، کولاراڈو، نیو یارک سمیت 19 ریاستوں میں ڈیمو کریٹک امیدوار جو بائیڈن کو برتری حاصل ہے۔