ماسک، سلیپرز، دستانے جمع، عجائب گھر کی گھروں میں رہنے پر اپنے احساسات کو ویڈیو پیغام کے ذریعے بھیجنے کی اپیل
لندن (پاکستان نیوز) عالمی وبا کورونا وائرس کے دور کی یادیں محفوظ کرنے کے لیے لندن کا عجائب گھر متحرک ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے استعمال شدہ اشیا لندن میوزیم کا حصہ بننے لگی ہیں۔میوزیم آف لندن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وبا کے دوران زندگی کی عکاسی کرنے والی کچھ اشیا عطیہ کریں۔اس اپیل کے تناظر میں لندن کے عجائب گھر میں ماسک، سلیپرز، دستانے اور دیگر یادگار چیزیں جمع کی جا رہی ہیں۔لاک ڈاﺅن کے دوران سرگرمیوں کی تصاویر بھی میوزیم کا حصہ بن رہی ہیں جب کہ کورونا وائرس کے دوان استعمال ہونے والی اشیا بھی جمع کی جارہی ہیں۔میوزیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لوگ اگر کوئی نیا کام بھی ایجاد کررہے ہیں تو وہ اس کے شواہد بھی میوزیم میں جمع کرا کر خود کو تاریخ میں رقم کرا سکتے ہیں۔میوزیم انتظامیہ نے لوگوں سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ وہ اپنے احساسات سے متعلق ویڈیو ریکارڈ کر کے بھیجیں کہ وہ اپنے گھروں میں کیسا محسوس کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 42 لاکھ 54 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد دو لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 15 لاکھ 27 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 85 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 81 ہزار سات سو سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔