عامر بیگ
جب میں پہلی دفعہ گھر سے نکلا تو میری عمر چودہ سال کی تھی پھر مڑ کے گھر کی راہ نہیں لی ،سکول کالج یونیورسٹی بیرون ملک اور پھر ملکوں ملکوں پھرتا پھراتا امریکہ پہنچ گیا ، پہلی دفعہ امریکہ آیا تو ایک عجیب سی سنسناہٹ تھی کہ نیو یارک لینڈ کر رہا ہوں دنیا کا بزنس کیپیٹل جس کے بارے میں کہانیوں میں پڑھا تھا فلموں میں دیکھا تھا جہاں آکر بندے کی چال ڈھال بدل جاتی ہے ایسے ہی ہر ایک کی زندگی میں بہت سے حادثات، تجربات یا واقعات پہلی دفعہ ہی ہوتے ہیں جیسے پہلی دفعہ پیار ہو جائے، آپ انہیں خوشگوار کہہ لیں یا ناخوشگوار پاکستان کا بننا چند ایک کو چھوڑ کر مسلمانان برصغیر کے لیے ایک نہایت ہی خوشگوار واقع تھا ۔ناخوشگوار کچھ مولویوں اور جماعت اسلامی کے لیے کہ وہ پاکستان بننے کے حق میں نہیں تھے اسکے بعد پہلی دفعہ فوجی مارشل لاءلگا جب اسکندر مرزا نے ایوب خان کو مارشل لا ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا پھر ایوب خان نے ہی اس کنگ میکر کو چلتا بھی کیا۔ پہلا سول مارشل لاءذوالفقار علی بھٹو نے لگایا جو پہلے پہلے مارشل لا کی پیداوار تھا اور جسے آجکل کچھ لوگ جمہوریت کا چیمپئن بھی کہتے ہیں پھر پہلی دفعہ مکافات عمل پر اسی پہلے منتخب وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی بھی لگی اور بھٹو کو کیفر کردار تک پہنچانے والے صدر مملکت جنرل ضیاءکا طیارہ بھی ہوا میں پھٹا جس میں انکے علاوہ جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل اختر عبد الرحمن سمیت سینئر فوجی آفیسرز اور امریکی سفیر آنرڈ رافیل کی موت ہوئی ، پہلی دفعہ ہی اسلامی ملکوں میں پہلی خاتون وزیر اعظم بینظیر بھٹو جسے شروع میں مولویوں نے حرام کہا بعد میں کچھ لے دے کر حلال مگر انجام بھیانک ہوا ۔پھر پہلی دفعہ اقتدار میں کرپشن کی میوزکل چیئر بھی چلی نواز شریف سے بینظیر بھٹو اور بھٹو سے نواز تا وقتیکہ عمران خان پہلی دفعہ کرسی اقتدار پر براجمان ہوا ، بہت سوں نے کہا یہ بھی پہلے والوں ہی کی طرح چلیں گے مگر پہلی دفعہ ایک کھلاڑی میدان سیاست میں آیا ہے جو پورا میچ کھیلنے کا عادی اور پہلی سے لیکر آخری گیند تک لڑتا رہا ہے ،ستر سالوں میں پہلی دفعہ ریئل تبدیلی دیکھنے میں آئی پہلی دفعہ سٹیٹس کو کا بت پاش، پاش ہوا پہلی دفعہ رئیل پکڑ دھکڑ شروع ہوئی، پہلی دفعہ 200 ارب سے زائد کی اینکروچمنٹ واگزار کروائی گئی، پہلی دفعہ ٹمبر، لینڈ، شوگر اور آٹا مافیا پر ہاتھ ڈالا گیا، پہلی دفعہ کسی تین دفعہ کے سابقہ وزیر اعظم کو کرپشن کیسز میں سزا ہوئی، اس سے پہلے کرپشن کیسز پر حکومتیں ختم کی جاتی تھیں لیکن سزا سے بچ جاتے تھے مگر گھوم پھر کر واپس اقتدار میں آجاتے تھے ،پہلی دفعہ نیب نے ساڑھے چار سو ارب کی پلی بارگیننگ سے کرپشن کی لوٹی ہوئی رقم حکومتی خزانے میں جمع کرائی ،پہلی دفعہ ہاو¿سنگ انڈسٹری میں ”انسینٹیوز“ دیئے گئے۔ مشکل پروسیس کی جگہ ون ونڈو آپریشن کی سہولت دی گئی جس سے معیشت بوم کرے گی،پہلی دفعہ منشیات کے ڈان پکڑے گئے، پہلی دفعہ کسی نے یکساں نصاب کے لیے عملی کوششیں کیں، پہلی دفعہ بیوروکریسی کے طاقتور گھوڑے کو لگام ڈالی گئی ہے ۔پہلی دفعہ آرمی نے اپنے بجٹ میں کٹوتی کی، پہلی دفعہ آرمی میں بھی احتساب ہوا ،پہلی دفعہ کسی جرنیل نے دل سے کسی وزیراعظم کو سیلوٹ کیا ،پہلی دفعہ عدالتیں آزادانہ نہ صرف فیصلے کر رہی ہیں بلکہ انکے فیصلے مانے بھی جا رہے ہیں پہلی دفعہ کشمیر کے مسئلہ کو جلا ملی ہے ،انشااللہ حل بھی ہو گا ،پہلی دفعہ کسی نے دنیا کو اسلام کا صحیح چہرہ دکھایا ہے، پہلی دفعہ دنیا نے پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے اور فیصلہ کن کردار ادا کرنے کے لیے درخواست کی،پہلی دفعہ پنجاب کے دور دراز لوگوں کی شنوائی ہوئی اور مزید صوبے بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے گئے ، پہلی دفعہ کسی نے غریبوں کے دلوں سے دعا لی ہے، پہلی دفعہ حکومت نے غریب کے درد کو محسوس کیا ہے ،پہلی دفعہ پنجاب کے پی کے میں تعلیمی اور صحت کے بجٹ میں تیس فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
٭٭٭