ایکنک نے ریلوے کے 6.8 ارب ڈالر مالیت کے منصوبے کی منظوری دے دی

0
111

اسلام آباد:

قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) نے پاکستان میں ریلوے کی تاریخ کے 6.8 ارب ڈالر لاگت کے سب سے بڑے منصوبے ایم ایل ون کی منظوری دے دی، ایکنک نے 11 ارب 7 کروڑ لاگت کے پاکستان سنگل ونڈو منصوبے کی بھی منظوری دے دی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ایکنک کا اجلاس وزیر اعظم کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایکنک نے پاکستان ریلوے کی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے ایم ایل ون کی منظوری دے دی۔ اس منصوبے پر 6 ارب 80 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی اور منصوبہ پانچ سال میں مکمل ہوگا۔ ایم ایل ون منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے جس کا افتتاح رواں سال ہی ہوگا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ایم ایل ون منصوبے کے تحت ریلوے کا 1872 کلومیٹر ٹریک اپ گریڈ کیا جائے۔ ریلوے کے ٹریک کو جلد از جلد اپ گریڈ کرنے کا کام تین مرحلوں میں کیا جائے گا جس کے بعد مسافر ٹرینوں کی رفتار 65 اور 110 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی اسی طرح مسافر ٹرینوں کی تعداد 34 ٹرینوں سے بڑھ کر 137 اور پھر 171 ہوجائے گی۔

 

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ریلوے کی مال بردار گاڑیاں 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی اور منصوبے پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے پراجیکٹ اسٹئیرنگ کمیٹی بنائی جائے گی۔

ایف بی آر کے پاکستان سنگل ونڈو منصوبے کی منظوری

دریں اثنا اجلاس میں ایکنک نے 11 ارب 7 کروڑ روپے مالیت کے پاکستان سنگل ونڈو منصوبے کی بھی منظوری دی۔ ایف بی آر کے اس منصوبے کی 2023ء میں تکمیل سے سرحد پار تجارت کے نظام اور طریقہ کار میں بہتری آئے گی۔ پاکستان سنگل ونڈو منصوبے کے تحت خود کار اندارج کے لیے مرکزی حب تشکیل دیا جائے گا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے کے تحت سرحد پار تجارت کے لیے درکار لائسنس، اجازت نامے اور پیپر لیس پروسیسنگ میں مدد حاصل ہو گی۔ پاکستان سنگل ونڈو منصوبے سے پاکستان کی سرحد پار تجارت سے متعلق عالمی درجہ بندی میں بہتری آئے گی۔

کراچی ریڈ لائن بس منصوبے کی لاگت میں تبدیلی کی منظوری

اعلامیہ کے مطابق کراچی میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی تعمیری لاگت میں تبدیلی کی بھی منظوری دی گئی۔ یہ منصوبہ 78 ارب 38 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔

نالج کاریڈور منصوبہ منظور، 1 ہزار طلبا کو اسکالر شپس ملیں گے

ایکنک نے یو ایس پاکستان نالج کاریڈور منصوبے کے پہلے فیز کی بھی منظوری دی۔ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ نالج کاریڈور منصوبے پر 25 ارب 22 کروڑ سے زائد لاگت آئے گی اور اس منصوبے کے تحت 1000 طلبا و طالبات کو پی ایچ ڈی کے لیے اسکالر شپ فراہم کی جائے گی۔

اس حوالے سے چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم باجوہ نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ ایکنک نے ریلوے کا منصوبہ ایم ایل ون منظور کرلیا، پشاور سے کراچی ایم ایل ون منصوبے پر 6.8 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی جب کہ منصوبے کے تحت حویلیاں ڈرائی پورٹ اور والٹن اکیڈمی کی اپ گریڈیشن بھی ہوگی۔

اس حوالے سے اسد عمر نے بھی ٹویٹ کیا ہے اور کہا ہے کہ آج پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ریلوے منصوبے کی منظوری دی گئی۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here