اسلام آباد:
وفاقی وزارت داخلہ نے امریکی خاتون شہری سنتھیا ڈی رچی کی ویزہ توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 15 دن میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے ویزے کی معیاد 31 اگست تک ختم ہوگئی تھی۔ انہوں نے ویزے میں توسیع کی درخواست کی تھی جسے مسترد کردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وفاقی وزارت داخلہ نے سنتھیا ڈی رچی کو 15 روز میں پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
سنتھیا رچی امریکی خاتون شہری ہیں جو پاکستان میں کئی برس گزار چکی ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک اور مخدوم شہاب الدین پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے تھے۔ جس کے بعد ان کے خلاف عدالتی چارہ جوئی کی گئی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں اس سلسلے میں ایک درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو سنتھیا رچی کے ویزہ میں توسیع کے معاملے پر فیصلہ کرنے کا کہا تھا۔
دوسری جانب گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک کے خلاف اندراج مقدمہ سے متعلق درخواست مسترد کرنے کا ماتحت عدالت کا ایک فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔