کراچی جب پانی میں ڈوبا ہوا ہے توسیاست نہیں کرنی چاہیے، شہبازشریف

0
94

لاہور:

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کراچی جب پانی میں ڈوبا ہوا ہے توسیاست نہیں کرنی چاہیے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف نے کہا کہ کراچی کے حالات دیکھ کریہاں آیا ہوں، کراچی جب پانی میں ڈوبا ہوا ہے توسیاست نہیں کرنی چاہیے، بارشوں نے کراچی شہرکوبہت متاثرکیا ہے۔ وفاقی حکومت نے کہا تھا کراچی کے لیے اربوں روپے فنڈزدیں گے اورحکومت کراچی میں بارش کے متاثرین کومعاوضہ دے۔

اس سے قبل شہبازشریف دو روزہ دورے پراحسن اقبال اورمریم اورنگزیب کے ہمراہ کراچی پہنچے۔

 

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں کی بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات متوقع ہے جس میں شہباز شریف اور پیپلزپارٹی قیادت سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرے گی۔

بلاول ہاؤس کراچی میں کافی عرصے بعد (ن) لیگ کی اعلیٰ قیادت کی سربراہی میں وفد ملاقات کے لئے آرہاہے۔ اپنے دورے کے دوران شہبازشریف آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے جس میں ملکی سیاسی صورتحال، نوازشریف کی صحت اور ان کی وطن واپسی پر تبادلہ خیال ہوگا، (ن) لیگ پیپلزپارٹی قیادت کےدرمیان ملاقات میں دونوں جماعتوں کے دیگر رہنما بھی شریک ہوں گے اس کے علاوہ اے پی سی کےانعقاد ،حکومت مخالف لائحہ عمل سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوگی۔

شہبازشریف کراچی میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، گلشن اقبال میں اپارٹمنٹ کی دیوار گرنے سے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کریں گے، منظور کالونی میں عمائدین اور پارٹی کارکنان سےملاقات کریں گے، (ن) لیگ کے رہنماؤں کے مطابق شہباز شریف نے 2018 کے عام انتخابات میں بلدیہ ٹاؤن سے بھی حصہ لیا تھا، اس لئے وہ بلدیہ ٹاؤن  اور ضلع غربی کا بھی دورہ کریں گے جب کہ وہ  لیگی رہنماؤں کےساتھ مشاورتی اجلاس کریں گے۔

اپنے دو روزہ دورے کے دوران شہبازشریف ایدھی فاؤنڈیشن کے رہنما فیصل ایدھی سے بھی ملاقات کریں گے، جب کہ پارٹی رہنماؤں کے مطابق وہ ایک روز کراچی میں قیام کے بعد جمعرات کو واپس لاہور روانہ ہوں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here