نیو دہلی:
چینی فوج کے ہاتھوں 20 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھی بھارت سرکار باز نہ آئی بلکہ الٹا بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے گیدڑ بھبکی ماری ہے کہ ہمارے جوان سرحد پر چینی فوج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑے ہیں۔
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بڑھکیں مارنے میں کسی سے کم نہیں اور آئے دن اپنے بیانات سے جارحانہ عزائم کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ اس بار چین کے ساتھ جاری حالیہ کشیدہ صورتحال پر راجیہ سبھا میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مفاد میں چاہے کتنے ہی سخت اقدامات کرنا پڑیں بھارت پیچھے نہیں ہٹے گا، ملک کی 130 کروڑ عوام کو بتانا چاہتاہوں کہ بھارت کو کبھی جھکنے نہیں دیں گے، نہ تو ہم کسی کے آگے جھکیں گے اور نہ ہی ہمارا ارادہ کسی اور کو جھکانے کا ہے۔
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ نے کہا کہ چین کے ساتھ سرحد پر جاری صورتحال کا ہمیں سامنا کرنا پڑے گا تاہم افواج تیار ہے اور فوجیوں کے حوصلے بھی بلند ہیں، ہمارے جوان چینی فوج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑے ہیں، جنگ شروع کرنا ہمارے ہاتھ میں ہے تاہم یہ کہاں ختم ہوگی یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال جون میں لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر چین اور بھارت کے مابین ہونے والی چھڑپ میں 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ اس سے قبل چینی فوج کے ساتھ جھڑپ کے دوران کرنل سمیت 3 بھارتی فوجی ہلاک ہونے کی تصدیق بھی کی گئی تھی۔
دوسری جانب بھارتی 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی خبر سامنے آنے سے قبل برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی فوج کے ذرائع کے مطابق بھارت کے 34 سے زائد فوجی لاپتا ہیں۔