لاہور:
حکومت کی ڈیجیٹیلائزیشن پالیسی سے پاکستان کرکٹ بورڈ بھی مستفید ہونے لگا اوراب دفتری فائل کی جگہ صرف ایک کلک سے تمام امور نبٹائے جانے لگے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان اہم معاہدہ کے بعد پی سی بی کو روایتی اور فرسودہ فائلز سسٹم سے نجات مل گئی ہے۔ پی سی بی نے پی آئی ٹی بی کی مدد سے روزہ مرہ کے معاملات میں تیزی اور شفافیت کومزید یقینی بنا نے کے لیے جدید ای فائلنگ اور آفس آٹومیشن سسٹم کا استعمال شروع کردیا۔ اس حوالے سےچیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اظفر منظور کا کہنا ہے کہ ہمارے سافٹ وئیر کی مدد سے پی سی بی کا دفتری کام بہت آسان ہوگیا ہے۔
اب کاغذی فائلز کی جگہ آپ اپنے موبایل، لیپ ٹاپ سے سب چیزوں کی اپ ڈیٹ حاصل کرنے کے ساتھ ضروری ہدایات اور فیصلوں کی منظوری بھی دے سکتےہیں۔اس سوفٹ ویئر سے نہ صرف وقت اوراخراجات کی بچت ہوگی بلکہ ہرمعاملے میں تیزی اورشفافیت بھی مل سکے گی۔ آفس معاملات میں تاخیری ایشوز پر بھی نظر رکھنا ممکن ہے۔ اظفرمنظورنے کہا کہ کرکٹ ایسا کھیل ہے جس میں سب کی بھرپوردلچسپی ہوتی ہے، جیت کے ذریعے یہ کھیل نہ صرف پوری قوم کو متحد کرتا ہے بلکہ ہارپرسب افسردہ بھی ہوتےہیں۔ پی سی بی کے معاملات میں جدت اوربہتری کے لیے مستقبل میں بھی ان کی معاونت کرنے کو تیار ہیں۔
چئیرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے واضح کیا کہ کرکٹ کے ساتھ دوسری کھیلوں کے حکام کی بھی معاونت کرنے کو تیار ہیں۔ دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں تمام شعبوں میں جدت لانا پڑے گی۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا سب سے اہم مقصد لوگوں کی زندگی میں آسانیاں لانا ہے۔ مختلف سرکاری محکموں میں اس سوفٹ ویرکے استعمال سے معاملات میں بہت بہتری آچکی ہے، ہم کوشش کررہے ہیں کہ جلد سے جلد تمام محکمے ڈیجٹیلائزہوجائیں۔