لاہور:
سپریم کورٹ سے نا اہل جہانگیر ترین کی سرکاری اجلاسوں میں شرکت کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنما کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی گئی ہے۔
ایڈووکیٹ چوہدری شعیب سلیم نے جہانگیر ترین کی سرکاری اجلاسوں میں شرکت کو چیلنج کر رکها ہے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دے چکی ہے، نواز شریف کیس کے اصول کے تحت نااہل شخص حکومت کے کسی سرکاری اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتا، جہانگیر ترین مسلسل سرکاری اجلاسوں میں شرکت کر کے سپریم کورٹ فیصلے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ نااہل جہانگیر ترین کی سرکاری اجلاسوں میں شرکت جمہوریت اور قانون کی بالادستی کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے، لاہور ہائیکورٹ جہانگیر ترین کو سرکاری اجلاسوں میں شرکت کے خلاف مرکزی درخواست میں نوٹس کر چکی ہے، مرکزی کیس لاہور ہائیکورٹ کے بینچ کی عدم دستیابی کے باعث سماعت کے لئے مقرر نہیں ہوا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت جہانگیر ترین کو سرکاری اجلاسوں میں شرکت سے روکے اور سرکاری اجلاسوں میں شرکت کے خلاف درخواست جلد سماعت کے لئے مقرر کرے۔