محمدبن سلمان کی نیتن یاہو سے مبینہ ملاقات؛ سعودیہ اوراسرائیل کا متضاد مؤقف

0
91

الریاض:

سعودی عرب نے اسرائیل کے  وزیر اعظم کی تبوک آمد اور ولی عہد محمد بن سلمان سے خفیہ ملاقات کی خبر سے متعلق سعودی عرب اور اسرائیل کی جانب سے مختلف مؤقف سامنے آیا ہے۔

مملکت سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پریس میں شایع ہونے والی ایسی اطلاعات میری نظر سے گزری ہیں جن میں امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کے دورۂ سعودی عرب کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان کی اسرائیلی حکام سے ملاقات کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ شہزادہ محمد بن سلمان سے امریکی سیکریٹری خارجہ کی ملاقات میں صرف سعودی اور امریکی حکام موجود تھے۔

نیتن یاہو کا گریز

دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے اس معاملے پر تبصرے سے گریز کیا ہے۔ اسرائیل میں دائیں بازو کی رجعت پسند جماعت لکوڈ کے ایک اجلاس میں جب نیتن یاہو سے سعودی ولی عہد سے ملاقات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں ںے جواب دیا کہ’’دوستو، کیا آپ سنجیدہ ہیں۔ میں کبھی ایسے سوالوں کے جواب نہیں دیتا اور نہ ہی آئندہ دینے کا ارادہ رکھتا ہوں۔‘‘

اسرائیلی وزیر کی تصدیق

دوسری جانب نیتن یاہو کی کابینہ کے وزیر یواف گیلانت نے اسرائیل کے آرمی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے اسرائیل کے وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کے مابین تبوک میں ملاقات کی خبروں کو درست قرار دیا ہے۔

امریکا بھی خاموش

اس مبینہ ملاقات میں تیسری اہم شخصیت امریکی وزیر خارجہ بتائے جاتے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ان کے ترجمان نے بھی اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی میڈیا  کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ  وزیر اعظم نیتن یاہو اپنی خفیہ ایجینسی موساد کے سربراہ کے ہمراہ اتوار کو سعودی عرب کے خفیہ دورے پر تبوک پہنچے جہاں انہوں نے  سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی موجودگی میں ہوئی جو اس وقت خطے کے دورے پر ہیں۔

اس حوالے سے سامنے آنے والی اسرائیلی میڈیا رپورٹس کی سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے تردید کردی ہے تاہم اسرائیلی وزیر اعظم نے تاحال خفیہ ملاقات کی خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here