نئی دہلی:
بھارت نے رواں برس میں دوسری بار چین کی مزید 43 موبائل ایپلی کیشن کو ملک بھر میں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لداخ میں جھڑپوں کے بعد ایک بار پھر بھارت نے چین کی معروف موبائل ایپس کو ملک بھر میں بند کردیا ہے جس میں معروف سائٹ علی بابا گروپ کی ایپلی کیشن علی ایکسپریس بھی شامل ہے۔
بھارت کی وزارت ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جن موبائل ایپس پر پابندی عائد کی جارہی ہیں وہ ملک کی سالمیت اور خود مختاری کے خلاف کام کر رہی تھیں۔
اس سے قبل بھی بھارت نے 170 موبائل ایپس پر پابندی عائد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ یہ ایپس صارفین کا ڈیٹا چرا رہی ہیں اور ملک کے لیے خطرات کا باعث بن رہی ہیں۔
بھارت کی وزارت ٹیکنالوجی نے دوسری بار موبائل ایپس پر پابندی کو ایک مرتبہ بھی چین پر ’ ڈیجیٹل اسٹرائیک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی سالمیت کیخلاف کام کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھارتی اقدام کو عالمی تجارت کے رہنما اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے پابندی ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ بھارت میں موبائل ایپس پر پابندی کا سلسلہ رواں برس جون میں لداخ کے سرحدی علاقے میں جھڑپوں کے دوران چینی فوج کے ہاتھوں 20 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے۔