نیویارک (پاکستان نیوز) نومنتخب صدر جوبائیڈن نے اپنے دور حکومت کے ابتدائی 100دنوں کا پلان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق گیارہ ملین کے قریب غیرقانونی تارکین کو امریکی شہریت دی جائے گی جبکہ ٹرمپ کے ماحولیات کے متعلق ایگزیکٹو آرڈرز کو ختم کر دیا جائے گا ، این بی سی نیوز کو اپنے انٹرویو کے دوران نومنتخب صدر جوبائیڈن نے بتایا کہ وہ اپنے اقتدارکے پہلے 100روز کے دوران غیرقانونی تارکین کی شہریت کے لیے امیگریشن بل کو سینیٹ میں بھیجیں گے جس کی منظور ی سے 1کروڑ 10لاکھ کے قریب غیرقانونی تارکین کو شہریت مل سکے گی ۔اگر سینیٹ میں ری پبلکن کی اکثریت ہوئی تو ڈیموکریٹس کے لیے اپنے بل کو منظور کرانا بہت مشکل بلکہ ناممکن ہوگا ، جارجیا میں سینیٹ کی سیٹوں پر انتخابات آئندہ برس جنوری میں منعقد ہوں گے جس کے بعد سینیٹ میں ری پبلکن یا ڈیمو کریٹس کی اکثریت کا فیصلہ ہوگا ، انھوںنے کہا کہ وہ کورونا وائرس سے بچاﺅ اور مریضوں کو فوری ریلیف دینے کے لیے ہنگامی اقدامات پر بھی غور کریں گے ، کورونا کی وبا معاشی کرائسز سے بڑھ کرہے، اس کی وجہ سے لوگ ذہنی تناﺅ کا شکار ہورہے ہیں ،کرونا کے متعلق کمیونٹیز اور اقلیتوں کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔ جی ایس اے کی جانب سے انتقال اقتدار کے اعلان کے بعد بائیڈن نے ڈیموکریٹس رہنماﺅں سے کورونا سے بچاﺅ کے حوالے سے تدابیر پر تبادلہ خیال شروع کر دیا ہے ، واضح رہے کہ جوبائیڈن انتظامیہ میں خواتین اراکین کی اکثریت شامل ہوگئی ہے ، رپورٹ کے مطابق بائیڈن کی منتخب کردہ ٹرانزیشن ٹیم میں 52 فیصد خواتین ہیں جبکہ 48 فیصد مرد حضرات ہیں ، خواتین اراکین کی تعداد 500کے قریب بتائی جا رہی ہے ، بائیڈن کی جانب سے سب سے اہم پوزیشن نائب صدر کے لیے ایک خاتون کامیلا ہیرس کا انتخاب کیا گیا ہے ، جبکہ وائٹ ہاﺅس کے قونصل اور ڈپٹی چیف آف سٹاف کے عہدوں پر بھی خواتین ہی کو تعینات کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق جوبائیڈن کی جانب سے انٹیلی جنس اور خفیہ اداروں کی اہم پوزیشنوں پر بھی خواتین کو تعینات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کا اعلان انتقال اقتدار کے بعد سامنے آئے گا ۔یاد رہے کہ نومنتخب صدر جوبائیڈن نے اپنی کابینہ کا اعلان کر دیا ہے جس میں اکثریت خواتین کی شامل کی گئی ہے ، انٹونی بلنکن وزیر خارجہ ،ایلی یاندرو وزیر ہوم لینڈ سیکیورٹی ،ایورل ہنس ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس ، لنڈا تھامس گرین فیلڈ یو این میں امریکی مندوب ، جیک سلیوان مشیر قومی سلامتی اور جان کیری خصوصی نمائندہ ماحولیات نامزد کر دیئے گئے ، ایورل ہنس کو ڈائریکٹر نیشنل اینٹیلی جنس نامزد کیا گیا جینٹ یلن کی وزیر خزانہ کے طور پر نامزدگی متوقع ہے ، ریمادودین وائٹ ہاﺅس میں قانونی بیورو کی ڈپٹی چیف آف سٹاف منتخب کر لی گئی ہیں ۔