ریاض:
سعودی عرب کے ایئر ڈیفنس نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل مار گرائے ہیں جن میں سے ایک میزائل کا ہدف صوبہ مکہ اور دوسرے کا رخ جدہ تھا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ملکی ایئر ڈیفنس نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے 2 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر کے ناکارہ بنادیا، ان میں سے ایک میزائل کو صوبہ مکہ کی جانب داغا گیا تھا جب کہ دوسرا میزائل حملہ جدہ کی جانب کرنے کی کوشش کی گئی۔
یمن میں اتحادی افواج کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں میزائلوں کو جدہ اور طائف کی حدود میں مار گرایا تاہم واشنگٹن میں واقع سعودی سفارت خانے کی ٹوئٹ میں دونوں میزائلوں کو مکہ صوبے کی حدود میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔
قبل ازیں عرب نشریاتی ادارے ‘العریبیہ ٹی وی’ نے دعویٰ کیا تھا کہ مار گرایا جانے والا ایک میزائل مکہ کی جانب پرواز کر رہا تھا تاہم حوثی باغیوں کے ترجمان یحیٰ ساریہ نے سعودی دعوے کی سخت الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکہ کی جانب کوئی میزائل فائر نہیں کیا گیا۔ سعودی حکومت عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کیلیے جھوٹا دعویٰ کر رہی ہے۔
دوسری جانب حوثی باغیوں کے ترجمان یحیٰ ساریہ نے اپنی فیس بک پوسٹ میں مزید لکھا کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے علاقے نجران کے ہوائی اڈے پر کامیاب حملہ کیا، باغیوں کے ٹی وی چینل ‘المسیرۃ’ نے تباہ حال ہوائی اڈے پر آگ لگنے کی فوٹیجز دکھائیں اور سعودی اتحاد نے صوبہ نجران میں غیر فوجی تنصیب پر ڈرون حملے کی تصدیق کی ہے۔