پی پی ایس کے صدر ڈاکٹر امین ندیم نو منتخب صدر ڈاکٹر ثمینہ حجاب اور شکاگو میڈیکل سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر طارق بٹ نے ICNA نمائندوں کو چیک دیا
وارڈ 50 کی آلڈر مین ڈیبرا سلور اسٹین کی خصوصی شرکت،ICNA سے عطیہ کاظم، بینا فرید اور ڈیوڈ زویرو جبکہ PPS کے سیکرٹری ڈاکٹر آصف سید اور ڈاکٹر نورالعین مرزا بھی شریک تھے، مشکل کی گھڑی میں پی پی ایس اور ICNA کی خدمات قابل ستائش ہیں، ڈیبرا سلور اسٹین
شکاگو(پاکستان نیوز) ریاست الی نائے میں پاکستانی نژاد فزیشنز کی تنظیم PPS نے بدھ 30 دسمبر کو دیوان ایونیو پر اسلامی اُمّہ کی فعال و مستند تنظیم ICNA کے فوڈ کرائسس سپورٹ پروگرام کے حوالے سے خطیر رقم کے چیک کی ادائیگی کا قابل تحسین اقدام کیا، تقریب دیوان ایونیو پر واقع ICNA کے مقامی مرکز پر منعقد ہوئی۔ PPS کے صدر ڈاکٹر امین ندیم، نو منتخب صدر ڈاکٹر ثمینہ حجاب، سیکرٹری ڈاکٹر آصف سید اور ڈاکٹر نور العین مرزا شریک ہوئے جبکہ شکاگو میڈیکل سوسائٹی کے صدر و ممتاز کمیونٹی رہنما و معالج ڈاکٹر طارق بٹ، وارڈ 50 کی آلڈر مین ڈیبرا سلور اسٹین نے خصوصی شرکت کی۔ ICNA کی آئوٹ ریچ کوآرڈینیٹر بینا فرید، دیوان مرکز کی انچارج عطیہ کاظمی و ڈیوڈ زویرو نے میزبانی کی۔ تقریب انتہائی سادہ و مختصر رہی، ڈاکٹر امین ندیم و ڈاکٹر ثمینہ حجاب نے 16 ہزار ڈالر کا چیک ICNA کی عطیہ کاظم کو ڈاکٹر طارق بٹ کی معیت میں پیش کیا۔ اس موقع پر ڈیبر اسلور اسٹین نے پی پی ایس اور ICNA کی کرونا کی مہلک وباء کے باعث پیدا شدہ صورتحال میں مخلصانہ و بے لوث خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر طارق بٹ، ڈاکٹر امین ندیم ڈاکٹر ثمینہ حجاب، ڈاکٹر نور العین مرزا کے علاوہ عطیہ کاظم نے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی خدمات کا سلسلہ مسلسل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ واضح رہے کہ پی پی ایس پاکستانی نژاد ڈاکٹرز کی تنظیم اپنا کا ایک فعال ذیلی ادارہ ہے اور نہ صرف طبی حوالوں سے بلکہ سماجی و فلاحی شعبوں میں بھی گرانقدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ کرونا کے باعث متاثرہ حالات میں پی پی ایس کی نہ صرف کائونٹی ہیلتھ سلسلے میں پی پی ای کی تقسیم، دیگر سہولتوں کی فراہمی، ICNA ریلیف پینٹری و فوڈ سپورٹ کے علاوہ مقامی چرچوں نیز کراچی میں شدید بارشوں کے حوالے سے کراچی فلڈ ریلیف کی مد میں لاکھوں ڈالرز کی اعانت کیساتھ ہیومن سروسز قابل تحسین ہیں۔ ڈاکٹر طارق بٹ کی خدمات نہ صرف بطور معالج بلکہ شکاگو لاہور جڑواں شہروں کے شریک چیئرپرسن اور شکاگو میڈیکل سوسائٹی کے صدر کے طور سے بھی کمیونٹی کیلئے اہم اثاثہ ہیں۔