وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مسلسل 6 ماہ سے ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کے لیے خوشخبری ہے کہ مسلسل 6 ماہ سے ترسیلات زر 2 ارب ڈالر رہیں اور نومبر کے مہینے میں بھی ترسیلات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ رواں سال ترسیلات زر 28 اعشاریہ4 فیصد بڑھیں، اور نومبر میں ترسیلات زر 2 ارب 34 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بھی بتایا گیا ہے کہ مسلسل چھ ماہ سے ترسیلات 2 ارب ڈالر سے زائد ہیں، اور نومبر کے مہینے میں بھی ترسیلات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں، رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ جولائی تا نومبر کی ترسیلات 11.8 ارب ڈالر رہیں اور یہ پانچ ماہ کی ترسیلات گزشتہ مالی سال سے 26.9 فیصد زائد ہیں۔
اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ نومبر 2020 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2.34 ارب ڈالر کی ترسیلات بھجوائیں، یہ ترسیلات اکتوبر سے 2.4 فیصد اور نومبر 2019 سے 28.4 فیصد زائد ہیں۔