ترواننت پورم:
بھارتی ریاست کیرالہ کے شہر ترواننت پورم کے میئر کے لیے 21 سالہ آریہ راجندرن نے میدان مارلیا جس کے بعد وہ ہندوستان کی سب سے کم عمر میئر بن گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ میں شہر ترواننت پورم کی میونسپل کارپوریشن کے لیے ہونے والے انتخابات میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسٹ) نے 100 میں 51 نشستیں حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی ہے جب کہ بی جے پی کو محض کو صرف 35 سیٹیں ملیں۔
کمیونسٹ پارٹی نے ضلعی اور ریاستی کمیٹیوں کی مشاورت سے حیران کن طور پر شہر کی میئر کے لیے 21 سالہ ریاضی کی طالبہ آریہ راجندرن کو اپنا میئر امیدوار منتخب کیا ہے جو موڈوانمگل ڈویژن سے پہلی بار کونسلر منتخب ہوئی ہیں۔ وہ نہ صرف کیرالہ بلکہ بھارت کی تاریخ کی سب سے کم عمر میئر ہوں گی۔
قبل ازیں کمیونسٹ پارٹی نے ہیلتھ اسٹینڈنگ کمیٹی کے سابق چیئرپرسن پشپلاٹھہ، اساتذہ یونین کے رہنما اے جی اویلینا اور جمیلہ سریدھرن میں سے کسی ایک کو میئر امیدوار بنانے کا اعلان کیا تھا تاہم پشپلاٹھہ اور اولینا انتخابات ہار گئے تاہم پارٹی نے سرکاری ریٹائرڈ ملازم جمیلہ سریدھارن کے مقابلے میں 21 سالہ طالبہ کا انتخاب کیا۔