چوہدری اسلم کی زندگی پر بننے والی فلم ’’چوہدری‘‘ کا ٹیزر جاری

0
146

کراچی:

انکاؤنٹر اسپیشلسٹ کہلائے جانے والے سندھ پولیس کے شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کی زندگی پر بننے والی فلم’’چوہدری‘‘ کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا۔

شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کراچی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وہ بہادر آفیسر تھے جو دہشت گردوں کے لیے خوف کی علامت سمجھے جاتے تھے۔ اُن کی بہادری اور دلیری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اُن کے گھر پر ہونے والے حملے کے بعد بھی انہوں نے دہشت گروں کے خلاف اعلان جنگ کیا تھا۔ اس موقع پر اُن کا تاریخی جملہ ’دہشت گردوں نے شیر کے منہ میں ہاتھ دینے کی کوشش کی ہے‘ مشہور ہوا تھا۔

کراچی میں امن کے لیے شہید چوہدری اسلم کی بے مثال خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ پولیس کے شیر کہلائے جانے والے چوہدری اسلم کا ایک منفرد ہی انداز تھا۔ انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اُن کی ابتدائی زندگی سے لے کر شہادت تک کے سفر پر ایک فلم بنائی جارہی ہے جس کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔

معروف ہدایت کارعظیم سجاد کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’چوہدری‘ میں شہید چوہدری اسلم کا کردار طارق اسلام خان ادا کر رہے ہیں۔ جب کہ دیگر کرداروں میں معروف اداکار ارباز خان، اصفر مانی، شمعون عباسی، عدنان شاہ ٹیپو اور معروف ماڈل زارا عابد شامل ہیں۔ جب کہ نیہالاج فلم کی پروڈیوسر ہیں۔ فلم کی کہانی ذیشان جنید نے تحریر کی ہے۔

ہدایت کار عظیم سجاد نے فلم کے متعلق ماضی میں ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا فلم ’چوہدری‘ بنانے کا مقصد شہید چوہدری اسلم کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ فلم میں اداکار ارباز خان سابق ایس ایس پی راؤ انوار جب کہ شمعون عباسی شہید چوہدری اسلم کے ڈرائیور کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے شہید کی خدمات کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ہدایت کار نے یہ بھی بتایا تھا کہ فلم کی 90 فیصد شوٹنگ کراچی میں کی گئی ہے اور 10 فیصد ایبٹ آباد میں۔

ہدایت کار کے مطابق فلم میں چوہدری اسلم کی زندگی کے ساتھ ساتھ کراچی میں ہونے والے خاص واقعات کو بھی دکھانے کی کوشش کی گئی ہے اور فلم کو اس طرز پر بنایاجارہا کہ جس سے نہ صرف پاکستان کے عوام بلکہ پاکستان سے باہر بھی لوگ دیکھیں گے۔ جب کہ فلم میں اداکاروں کو تربیت دینے کے لیے باقاعدہ پولیس کے اسپیشل سروس یونٹ کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔

واضح رہے کہ دہشت گردوں کے لیے خوف کی علامت سمجھے جانے والے شہید چوہدری اسلم 9 جنوری کو لیاری ایکسپریس وے پر دہشت گروں کے حملے میں شہید ہو گئے تھے۔ ’لاج پروڈکشن‘ کے بینر تلے بننے والی فلم ’چوہدری‘ 2021 میں ریلیز کیے جانے کی توقع ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here