بیجنگ:
11 فروری کی شام نئے چینی قمری سال کے آغاز کے موقع پر چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) کی جانب سے ’’جشن بہار ایوننگ گالا 2021‘‘پیش کیا گیا جو رنگا رنگ پروگراموں اور اعلیٰ درجے کی ٹیکنالوجیز کا حسین امتزاج تھا۔ یہ ایوننگ گالا پوری دنیا میں ناظرین کےلیے پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ ’’جشن بہار ایوننگ گالا‘‘ ایک بڑا ثقافتی پروگرام ہے جو ہر سال چینی قمری سال کے آغاز پر چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے تیار کیا جاتا ہے۔ اس گالا میں موسیقی، رقص اور اوپرا جیسے فنون لطیفہ کی بہت سی دلفریب اشکال موجود ہوتی ہیں۔
تیس سال سے زائد عرصے سے، نئے سال کے آغاز اور چینی خاندانی ملاپ کے موقع پر جشن بہار ایوننگ گالا دیکھنا عوام کا ایک محبوب مشغلہ بن گیا ہے۔
اس سال جشن بہار گالا میں چین کی روایتی ثقافت کے علاوہ غربت کے خاتمے اور انسدادِ وبا میں چین کی کامیابیوں کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ رواں برس امریکا، فرانس، اٹلی، روس، جاپان، برازیل، آسٹریلیا، ہندوستان، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا اور جنوبی افریقہ سمیت 170 سے زائد ممالک اور خطوں کے 600 سے زیادہ میڈیا اداروں نے ایوننگ گالا کو نشر اور رپورٹ کیا ہے۔
بتاتے چلیں کہ موجودہ چینی سال کو ’’بیل کا سال‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ سی ایم جی اسپرنگ فیسٹیول گالا کے موقع پر فنکاروں کے ساتھ ساتھ فائیو جی، روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) جیسی جدید ٹیکنالوجیز کا بھی عملی مظاہرہ کیا گیا جو اپنے آپ میں دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔