کراچی:
شہر کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ شب بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا، سخت گرمی اور حبس میں مکین گھنٹوں بجلی کو ترستے رہے جبکہ متعدد بار کے الیکٹرک کے متعلقہ دفتر رابطہ کرنے پر شنوانی نہیں ہوئی۔
کراچی کے بیشتر علاقوں کراچی یونیورسٹی ایمپلائز سوسائٹی اسکیم 33 ، ناظم آباد نمبر 2 ، نارتھ کراچی ، نیو کراچی ، سرجانی ٹاؤن ، ملیر اور کورنگی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
کراچی یونیورسٹی ایمپلائز سوسائٹی اسکیم 33 کے مکینوں نے ایکسپریس نیوز کے دفتر فون کر کے بتایا کہ بدھ کی شب تقریباً 2 بجے ان کے علاقے کی بجلی گئی تھی اور صبح 7 بجے تک نہیں آئی۔ سخت گرمی اور حبس میں خواتین ، بچے اور شیرخوار و معصوم بچے بلبلا اٹھے۔
بجلی کی طویل بندش کی کے الیکٹرک کے متعلقہ دفتر اور کمپلین سیل میں فون کر کے اطلاع کی گئی تاہم وہاں کسی قسم کی شنوائی نہیں ہوئی جبکہ کسی قسم کا تسلی بخش جواب بھی نہیں دیا گیا ، ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ نہ صرف عید الفطر سے بلکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی جاری تھا جبکہ کے الیکٹرک کے افسران شہر میں لوڈ شیڈنگ زیرو پرسنٹ کے الاپ الاپتے رہے۔
اسی طرح نارتھ کراچی ، نیو کراچی ، ناظم آباد نمبر2 ، سرجانی ٹاؤن ، کورنگی اور مزکورہ دیگر علاقوں میں بھی پوری رات بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے بھی پراسرار خاموشی رہی ، بجلی کی تواتر کے ساتھ فراہمی کا اعلانیہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔