واشنگٹن (پاکستان نیوز) یو ایس امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ اور ہوم لینڈ سیکیورٹی نے پاکستانی سمگلر عابد علی خان کے متعلق معلومات دینے والے کے لیے 1 ملین ڈالر انعام کا اعلان کر دیا ، عابد علی کی گرفتاری یا اس کے گھنائونے دھندے کے متعلق انکشافات کرنے والے کو ایک ملین ڈالر بطور انعامی رقم دی جائے گی ، عابد علی خان پر الزامات ہیں کہ وہ امریکہ میں بیٹھ کر مشرق وسطیٰ ، جنوبی ایشیا سے افراد کو غیرقانونی طور پر امریکہ لانے کا کاروبار کر رہا ہے جس کے لیے بھاری رقوم بھی وصول کی جاتی ہیں ، ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشن کے سپیشل ایجنٹ انتھنی سیلبری نے بتایا کہ عابد علی اس وقت ملک کے لیے سیکیورٹی رسک بن چکا ہے ، اس کی گرفتاری کے لیے ملکی اور غیرملکی ذرائع کو استعمال میں لا رہے ہیں ، سات اپریل دو ہزار اکیس کو عابد علی خان کے خلاف ورجینیا میں شکایت درج کرائی گئی تھی کہ وہ غیر قانونی طور پر غیرملکیوں کو امریکہ میں داخل کرنے کے حوالے سے مدد کر رہا ہے ۔واضح رہے کہ ایچ ایس آئی میں اس وقت دس ہزار چار سو سے زائد ملازمین کام کررہے ہیں ، سات ہزار سے زائد سپیشل ایجنٹس اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔