سان فرانسسکو (پاکستان نیوز) ریاست کیلیفورنیا کی قدیم ترین مساجد میں سے گزشتہ ہفتے نفرت آمیز واقعہ پیش آیا جس کے دوران شر پسندوں کی جانب سے مسجد میں توڑ پھوڑ کی گئی ، حالیہ واقعہ سے مسلم کمیونٹی شدید اضطراب میں مبتلا ہو گئی ہے ، اس موقع پر مسلم رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے نفرت آمیز واقعات ان کو مذہب پر پیروی سے نہیں روک سکتے ہیں ، وہ اسی طرح مساجد میں نماز کی ادائیگی جاری رکھیں گے جس طرح پہلے کرتے تھے۔رہائشی اسکالر شہباز شیخ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی برادری کے ساتھ شفاف رویہ اختیار کر رہے ہیں اور انہوں نے مسجد کے اراکین کو فوری طور پر مطلع کیا۔کمیونٹی میں اضطراب ہے، ہم مسجد کے حفاظتی اقدامات کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، اس سلسلے میں سیکیورٹی کیمروں کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا ۔ہم نے محکمہ پولیس سے کہا کہ وہ مستعدی سے کام کریں اور اس کے ملزموں کو کو پکڑنے کی کوشش کریں اور مسلم کمیونٹی میں تحفظ کے احساس کو بحال کریں۔میں چاہوں گا کہ جس فرد نے یہ حرکت کی ہے وہ ہماری مسجد میں آئے۔ براہ مہربانی مجھ سے رابطہ کریں، ہم اس شخص کے ساتھ بیٹھ کر اسلام کے بارے میں ان کے سوالات کا جواب دینا چاہیں گے۔