دنیا میں صحافیوں کے قتل کے واقعات گزشتہ برس کی نسبت 30 فیصد اضافہ

0
57

برسلز (پاکستان نیوز) بیلجئم میں قائم خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں صحافیوں کے قتل کے واقعات میں گزشتہ برس کی نسبت 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2022 میں 67 صحافیوں کو کام کے دوران قتل کیا گیا۔ روس یوکرین جنگ، ہیٹی میں شورش اور میکسیکو میں جرائم پیشہ گروپس کی کارروائیوں کے باعث صحافیوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ اس وقت دنیا میں 375 صحافی زیرحراست ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد چین میں گرفتار صحافیوں کی ہے۔میانمار اور ترکی میں بھی صحافیوں کی ایک بڑی تعداد زیر حراست ہے۔گزشتہ برس کے دوران 365 صحافی اپنے پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کے باعث گرفتار کیے گئے تھے۔ادھر انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور آزادی صحافت کے لیے اقدامات کریں۔آئی ایف جے کے جنرل سیکرٹری انتھونی بیلنگر نے کہا ہے کہ صحافیوں کو تحفظ دینے میں ناکامی صرف ان لوگوں کی حوصلہ افزائی کرے گی جو معلومات کے آزادانہ بہا کو روکنا چاہتے ہیں اور شہریوں کی اپنے لیڈروں کا احتساب کرنے کی صلاحیت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔آئی ایف جے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال سب سے زیادہ صحافی یوکرین میں مارے گئے جن کی تعداد 12 ہے جن میں سے زیادہ تر کا تعلق یوکرین سے تھا تاہم دیگر قومیتوں کے صحافی بھی شامل تھے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here