نیویارک (پاکستان نیوز) پاکستان نیوز کی جانب سے معلون باکسر آرون بروکس کے پیغمبر اسلام کے خلاف بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے جس سے مسلم کمیونٹی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ، ادارہ پاکستان نیوز نے آج ESPN پر پین اسٹیٹ ریسلنگ کے کھلاڑی آرون بروکس کے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں توہین آمیز تبصرہ کو جاہلانہ، بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے پوری مسلم برادری سے معافی کا مطالبہ کر دیا۔ ٹورنامنٹ میں اپنی فتح کے نشے میں بدمست باکسر نے ای ایس پی این کو انٹرویو کے دوران کہا کہ وہ اپنی فتح کو اپنے مذہب عیسائیت سے جوڑتا ہے ، یسوع مسیح اور روح القدس کا شکریہ ادا کیا لیکن پھر آگے بڑھ کر کہا کہ ” کوئی جھوٹا نبی نہیں، کوئی محمد یا کوئی اور نہیں، صرف یسوع مسیح خود” پبلشر پاکستان نیوز مجیب لودھی نے کہا کہ معلون باکسر کو اپنے بیان پر فوری طور پر معافی مانگنا ہوگی ، ہم اس طرح کے گھنائونے اقدام کو ہرگز قبول نہیں کریں گے ، ٹی وی چینلز اور میڈیا فورمز کو بھی اس طرح کی گفتگو کو ٹی وی پر لائیو چلانے اور پروموٹ کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے، اگر آج مسلم مذہب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تو کل ہندو مذہب یا عیسائیت کے مذہب کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔