اپوزیشن کا یوم سیاہ، ملک بھر میں مشترکہ جلسوں کی تیاریاں مکمل

0
293

کراچی:

مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر یوم سیاہ منارہی ہیں۔

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف اپوزیشن ملک گیر یوم سیاہ منارہی ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت قبائلی اضلاع اور ملک کے بڑے شہروں میں اپوزیشن جماعتوں کے 9 مشترکہ مظاہرے اور جلسے ہوں گے جن میں حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

ان مظاہروں سے شہباز شریف ، راجہ ظفر الحق ، بلاول بھٹو زرداری، راجہ پرویز اشرف، یوسف رضاگیلانی ، مولانا فضل الرحمن اور دیگر جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے ، بڑے شہروں میں سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے۔

 

لاہور میں ن لیگ کی میزبانی میں مال روڈ پر اپوزیشن اتحاد کا جلسہ ہوگا۔ پولیس نے چیئرنگ کراس کے اطراف میں رکاوٹیں لگادی ہیں۔ ن لیگ کے رانا مشہور، میاں مجتبی، شجاع الرحمن، سید توصیف حیدر اور دیگر رہنما مال روڈ پر موجود ہیں۔

کوئٹہ میں بھی اپوزیشن کا مظاہرہ ہوگا جس میں مریم نواز شرکت کریں گی۔ جلسے سے مولانا عبدالواسع ، محمود خان اچکزئی، میاں افتخار  اور ڈاکٹر مالک علی مدد جتک سمیت دیگر سیاسی رہنما خطاب کریں گے۔

پیپلزپارٹی کی میزبانی میں تمام اپوزیشن جماعتوں کا کراچی میں مزارِ قائد سے متصل باغ جناح میں جلسہ ہوگا جس سے بلاول بھٹو زرداری، ن لیگ کے ایاز صادق اور دیگر رہنما خطاب کرینگے۔ پشاور میں جے یو آئی کی میزبانی میں اپوزیشن کا جلسہ ہوگا جس سے اسفند یار ولی، آفتاب احمد شیرپاؤ، مولانا فضل الرحمن، میرحاصل بزنجو اور دیگر قائدین خطاب کرینگے۔

آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے اسلام آباد کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

اپوزیشن کے یوم سیاہ کے تناظر میں فیصل آباد میں پولیس نے لیگی کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 2 سو سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے۔  احمد پور سیال جھنگ میں پولیس نے چھاپے مارتے ہوئے مسلم لیگ ن کے تحصیل جنرل سیکرٹری افتخار خان کو گرفتار کرلیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here