اسلام آباد:
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت آج ہوگا جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، وزیراعظم کابینہ اجلاس میں دورہ امریکا پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے جب کہ سابق حکمرانوں اور ان کے خاندان کے بیرون ملک دوروں پر آنے والے اخراجات پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی اور گزشتہ 10 سال میں حکمرانوں کی جانب سے پی آئی اے طیارے استعمال کیے جانے کی رپورٹ بھی کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ ریگولیٹری اتھارٹیز کا انتظامی کنٹرول کابینہ ڈویژن کے ماتحت کرنے اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے چیئرمین کے ایڈیشنل چارج کی توسیع پر غور کرے گی، اس کے علاوہ وفاقی کابینہ قرضوں پر تحقیقاتی کمیشن کے سیکرٹری کی تبدیلی اور اکیڈمی آف لیٹرز کے چیئرمین کی تقرری کے لیے ریکروٹمنٹ رولز میں تبدیلی کی منظوری بھی دے گی۔
وفاقی کابینہ 17 جولائی کو ہونے والے ای سی سی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کرے گی جب کہ پاکستان پوسٹ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی۔