نیویارک (پاکستان نیوز)مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز واقعات میں پھر اضافہ ہونے لگا ہے ، امریکہ میں آباد دو تہائی مسلمان آئے روز نفرت آمیز واقعات کا نشانہ بن رہے ہیں ، یونیورسٹی آف کیلیفورنیا بریکلے اور دیگر اداروں کی جانب سے کیے گئے مشترکہ سروے کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسلام فوبیا کے واقعات میں 67.5 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، سروے کے دوران 1123 افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا جس سے معلوم ہوا کہ 76 فیصد سے زائد مسلم خواتین نفرت آمیز واقعات کا سامنا کر رہی ہیں جبکہ اسلام فوبیا کی زد میں آنے والے مسلم مردوں کی تعداد 58 فیصد سے زائد بتائی گئی ہے ، سروے کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ نفرت آمیز واقعات سے مسلم کمیونٹی شدید ذہنی اذیت کا بھی شکار ہو رہی ہے ، نفرت آمیز واقعات کے متعلق سروے نائن الیون کے بیس سال بعد کیا گیا ہے جس میں مقامی یونیورسٹیوں نے مکمل اشتراک کیا ہے ، سروے کے مطابق 18 سے 29 سال کے مسلم نوجوان اپنے مذہب کو چھپاتے ہیں اور اپنے مسلمان ہونے کی شناخت کو ظاہر نہیں کر تے ہیں ، کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ رواں سال میں ابتدائی چھ ماہ کے دوران اسلام فوبیا کے 500 واقعات ریکارڈ کیے گئے ، ان واقعات میں مساجد پر حملے میں بھی شامل ہیں ۔