امریکی سینیٹرز کی عالمی عدالت کودھمکیاں

0
21

واشنگٹن ڈی سی (پاکستان نیوز) امریکی سینیٹرز نے عالمی قوانین کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے کھلم کھلم بدمعاشی شروع کر دی ہے ، غزہ میں خون کی ہولی کھیلنے پر عالمی عدالت انصاف نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور اسرائیلی اہلکاروں کی گرفتاری کے عالمی وارنٹ جاری کرنے کا عندیہ دیا تو امریکہ کے 12 سینیٹرز آپے سے باہر ہوگئے اور عالمی عدالت انصاف کو خط لکھتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے ڈالیں ، ارکنساس کے ٹام کاٹن، فلوریڈا کے مارکو روبیو، اور ٹیکساس کے ٹیڈ کروز سمیت 12 جی او پی سینیٹرز نے اپنے خط میں موقف اپنایا کہ اگر آپ (عالمی عدالت) اسرائیل کو نشانہ بناتے ہیں تو ہم آپ کو نشانہ بنائیں گے۔ قانون سازوں نے بتایا کہ اگر وہ غزہ میں جنگی جرائم اور نسل کشی میں اسرائیلی اہلکاروں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرتے ہیں تو وہ آپ (عالمی عدالت ) کے ملازمین اور ساتھیوں پر پابندی عائد کریں گے، اور آپ اور آپ کے اہل خانہ کو امریکہ سے روک دیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس سات اکتوبر کو فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کی طرف سے اسرائیل کے اندر کیے جانے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد غزہ میں شروع ہونے والی اسرائیلی زمینی اور فضائی کارروائیوں میں اب تک 34,654 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اس تعداد میں وہ 32 ہلاکتیں بھی شامل ہیں جو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوئیں۔ اس حوالے سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ سات ماہ سے جاری اس جنگ میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 77,908 ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔خیال رہے کہ جمعے کے روز واشنگٹن پوسٹ نے ایک نامعلوم امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا تھا کہ واشنگٹن نے دوحہ سے کہا ہے کہ اگر فلسطینی تنظیم حماس اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کو مسترد کرنے کا سلسلہ جاری رکھتی ہے تو اسے ملک بدر کر دیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here