اسلام آباد(تجزیہ:انصار عباسی) کیا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کبھی کسی صحافی کو بتایا کہ سی پیک میں 19 ارب ڈالرز کی ابتدائی سرمایہ کاری میں سے 9 ارب ڈالرز (1800 ارب روپے) اس وقت کی ن لیگ حکومت اور دیگر نے ہڑپ کر لیے تھے؟ اس ضمن میں اے آر وائی کے ٹاک شو میں ایک اینکر نے دعوی کیا ہے جس نے کئی لوگوں کو ورطہ حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ کئی صحافیوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس دعوے کی سچائی کے حوالے سے سوالات اٹھائے اور ڈی جی آئی ایس پی آر سے مقف معلوم کرنے کی کوشش کی۔ دی نیوز نے بھی دفاعی ذرائع سے رابطہ کرکے ان سے مقف معلوم کرنے کی کوشش کی اور ان میں سے ایک ذریعہ، جو آرمی چیف سے قریب ہیں، نے جنرل باجوہ کے حوالے سے بتایا کہ بکواس ہے، یہ سب بکواس ہے۔ اے آر وائی کے اینکر نے اپنے تازہ ترین ٹی وی شو میں دعوی کیا کہ جنرل باجوہ نے انہیں دو دیگر افراد کی موجودگی میں بتایا ہے کہ سی پیک کے تحت ہونے والی 19 ارب ڈالرز کی چائنیز سرمایہ کاری میں سے ن لیگ کے دور میں وفاق اور پنجاب کی سطح پر 9 ارب ڈالرز کی کرپشن ہوئی۔