عالمی عدالت، اسرائیلی وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری کیلئے کارروائی شروع

0
40

نیویارک(پاکستان نیوز) عالمی فوجداری عدالت میں اسرائیلی وزیر اعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی کارروائی شروع کردی گئی۔ عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان نے کہا کہ انھوں نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو، وزیر دفاع گیلنٹ اور حماس کے رہنماؤں یحییٰ سنوار، محمد دیاب ابراہیم المصری المعروف محمد الضیف اور اسماعیل ہنیہ کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست جمع کرا دی ہے۔ آئی سی سی چیف پراسیکیوٹر کریم خان نے کہا یہ اقدام انھوں نے غزہ میں سات ماہ سے جاری جنگ کے تناظر میں اْٹھایا جس میں اب تک 40 ہزار کے قریب قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوچکا۔انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئیں۔ عالمی امدادی تنظیموں کی اہلکار بھی مارے گئے۔ خواتین اور بچے جن کا جنگ میں کوئی کردار نہیں تھا ان کا سب سے زیادہ نقصان ہوا۔ کریم خان نے کہا نیتن یاہو اور گیلنٹ کے خلاف تباہی پھیلانے اور فاقہ کشی پھیلانے ، انسانی سمگلنگ روکنے سے انکار کرنے، جان بوجھ کر تنازعات میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزام میں یہ اقدام اٹھانا پڑ رہا ہے۔ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ میں دہشتگردی جاری رکھتے ہوئے مزید 106فلسطینیوں کو شہید اور 176کو زخمی کردیا۔ شہدا کی تعداد 35562ہوگئی۔ شمالی غزہ میں شدید مزاحمت اور اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد جنگی طیاروں، ہیلی کاپٹر اور ٹینکوں سے گولہ باری کی جارہی ہے۔ العودہ ہسپتال کے نزدیک بھی بمباری کی گئی ۔ ہسپتال میں پینے کا پانی ختم ہوچکا۔ ایندھن کی فراہمی بھی بند ہوگئی۔ اسرائیل کے شام میں ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کے ٹھکانوں پر حملے میں ایک کمانڈر سمیت چھ اہلکار ہلاک ہو گئے۔ امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اٹلانٹا جارجیا کے مور ہاؤس کالج میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ جنگ کے خلاف پرامن اور عدم تشدد کے مظاہرے کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے غزہ جنگ کے خلاف آوازیں سنی ہیں۔ غزہ میں ظلم کے پہاڑ توڑنے پر اسرائیل میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔ پولیس نے 10مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ مختلف یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے 40ہزار افراد نے غزہ میں فوری جنگ بندی کے مطالبے کیلئے برسلز میں احتجاجی مارچ کیا۔ہزاروں مراکشی شہریوں نے کاسا بلانکا میں فلسطین کی آزادی کے حق میں مظاہرہ کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here