ناروے، آئرلینڈ اور اسپین کا فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کا اعلان، اسرائیل نے سفیر واپس بلالئے

0
40

میڈرڈ(پاکستان نیوز) یورپ کے تین اہم ممالک ناروے، آئر لینڈ اور اسپین نے فلسطین کو بطور ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا، اسرائیل نے تینوں ممالک سے اپنے سفیر واپس بلالئے، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ “متعدد یورپی ممالک کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان دہشت گردی کا انعام ہے، فلسطین کی خودمختار ریاست دہشت گرد ریاست ہوگی، وائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ یکطرفہ فیصلہ ناقابل قبول ہے، سعودی عرب ، فلسطینی اتھارٹی ، حماس ، قطر ، خلیجی تعاون کونسل کی جانب سے خیر مقدم ، فرانس اور جرمنی کا محتاط رد عمل، دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری میں مزید 62فلسطینی شہید اور 138زخمی ہوگئے ، نابلس میں یہودی آباد کاروں کے فلسطینیوں کے گھروں پر حملے، عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ کے دونوں فعا ل اسپتالوں کو اسرائیلی فوجیوں نے گھیر لیا ہے ، اسرائیلی فوج نے غزہ میں اپنے میجر اور کیپٹن سمیت مزید تین فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور ، ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز اور آئرش وزیراعظم سائمن ہیرس نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا ، سرکاری سطح پر اعلان 28 مئی کو کیا جائے گا۔ وائٹ ہاوس نے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کو ریاست تسلیم کئے جانے کا یکطرفہ فیصلہ ناقابل قبول ہے۔ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) نے اس اقدام کو “تاریخی” قرار دیا۔ حماس نے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے اسے “اہم قدم” قرار دیا اور کہا کہ یہ فلسطینیوں کی “بہادرانہ مزاحمت” کا نتیجہ ہے ۔ فلسطینی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے 193 ارکان میں سے 142 پہلے ہی فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکے ہیں۔فرانس نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا “ممنوع” نہیں لیکن پیرس سمجھتا ہے کہ فی الحال ایسا کرنے کا مناسب موقع نہیں ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here