اسلام آباد(پاکستان نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے فالس فلیگ آپریشن سے متعلق عالمی برادری کو متنبہ کردیا ہے۔ ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کیا تو پاکستان کا مضبوط قومی جوابی ردِعمل آئے گا۔ انہوں نے عالمی برادری کو متنبہ کیا کہ بھارت کو فالس فلیگ آپریشن کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ بھارت کو خطرے کی ہر سطح پر بھرپور جواب دیا جائے گا، بھارت فالس فلیگ آپریشن کی غلطی بھی نہ کرے۔ اْن کا کہنا تھا کہ صرف اس سال بھارت نے ایل او سی، ورکنگ باونڈری کی 3 ہزار خلاف ورزیاں کیں، بھارت نے بلااشتعال جان بوجھ کر شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ بھارتی کارروائیوں سے 92 خواتین، 68 بچوں سمیت 276 اموات ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قصداً یو این مبصر گروپ کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت نے یو این نشان اور نیلا جھنڈا ہونے کے باوجود یو این گاڑی پر فائرنگ کی، بھارتی اقدام ریاستی ذمہ داری کو مکمل نظر انداز کرنا ظاہر کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام عالمی قوانین، اقوام متحدہ کا احترام نہ کرنا ظاہر کرتا ہے، پاکستان بھارت کے اس جابرانہ رویے کی شدید مذمت کرتا ہے۔