تہران(پاکستان نیوز) ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے لبنان پر حملہ کیا تو ایران اور اس کے علاقائی اتحادیوں پر مشتمل گروپ اس کا مقابلہ کرے گا۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیو یارک میں ایران کے مشن کا یہ تبصرہ اسرائیل اور لبنان میں ایران کے حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کے درمیان ایک وسیع علاقائی جنگ کے خدشے کے تحت سامنے آیا ہے۔ غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے دونوں فریقین کے درمیان تقریبا روزانہ فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔ رواں ماہ دونوں اطراف سے اس طرح کے تبادلے میں اضافہ ہوا ہے۔ اسرائیل کی فوج نے کہا کہ لبنان پر حملے کے منصوبے کی منظوری اور توثیق ہو چکی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں ایرانی مشن نے کہا کہ یہ لبنان پر حملہ کرنے کے ارادے کے بارے میں صیہونی حکومت کے پروپیگنڈے کو نفسیاتی جنگ سمجھتا ہے۔ اگر اس نے بڑے پیمانے پر فوجی جارحیت شروع کی، تو ایک تباہ کن جنگ شروع ہو جائے گی۔ تمام مزاحمتی محاذوں کی مکمل شمولیت سمیت تمام آپشنز موجود ہیں۔