واشنگٹن(پاکستان نیوز) سینیٹ میں ریپبلکن جماعت کے رکن مارکو روبیو نے پاکستان اور چین مخالف بل پیش کیا ہے جس میں بیجنگ کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے نمٹنے اور اسلام آباد کی جانب سے مبینہ خطرات سے نمٹنے کے لیے انڈیا کی مدد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ جمعے کو پیش کردہ مجوزہ یو ایس انڈیا ڈیفنس کوآپریشن انڈیا ایکٹ میں نئی دہلی کو ٹیکنالوجی کی منتقلی کی حمایت کی گئی ہے اور امریکی انتظامیہ پر زور دیا گیا ہے کہ انڈیا کے ساتھ امریکہ کے اتحادیوں جاپان، اسرائیل، جنوبی کوریا اور نیٹو کے رکن ممالک کی طرح برتا کیا جائے۔ فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر مارکو روبیو 2011 سے سینیٹ کے رکن ہیں۔ انہوں نے 2015 میں بطور صدارتی امیدوار انتخابات میں حصہ لیا تھا اور پرائمری انتخابات کے دوران کئی ریاستوں میں کامیابی حاصل کی تاہم 2016 میں وہ انتخابی دوڑ سے باہر ہو گئے تھے۔ بل میں انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان کی جانب سے انڈیا کے خلاف دہشت گردی اور پراکسی گروپس سمیت جارحانہ طاقت کے استعمال کے حوالے سے کانگریس کو رپورٹ پیش کرے۔ بل میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ اگر پاکستان نے انڈیا کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی کی ہے تو اس کے لیے سکیورٹی امداد کو روک دیا جائے۔ بل منظور ہونے کی صورت میں پاکستان پر نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب اسلام آباد اور واشنگٹن اپنے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔