اسلام آباد(پاکستان نیوز) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ ایک درجہ بہتر کردی، اس سے قبل فچ اور ایس اینڈپی بھی پاکستان کی ریٹنگ بہتر کر چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کا معاشی آٹ لک مستحکم ہے، جس کے باعث پاکستان کی فارن ڈیبٹ ریٹنگ سی اے اے ٹو سے سی اے اے ون کی گئی ہے، ریٹنگ میں بہتری پاکستان کی ایکسٹرنل پوزیشن میں بہتری کو ظاہر کرتی ہے، پاکستان کے فارن ریزرو میں مزید بہتری ممکن ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں پاکستان نے معاشی اصلاحات کیں۔ وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی اداروں نے ہماری اقتصادی اصلاحات کو سراہا ہے، عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے ہماری ریٹنگ اپ گریڈ کی ہے، اقتصادی میدان میں پاکستان کی کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، ایک تیسری عالمی ریٹنگ ایجنسی بھی پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری کا اعلان کرے گی، اس سال ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری تیزی سے آگے بڑھے گی، ایف بی آر میں اصلاحات کے عمل کی نگرانی وزیر اعظم خود کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے معاہدے کیے گئے، آنے والے دنوں میں توانائی اخراجات میں کمی آئے گی اور بجلی سستی ہوگی اور جلد شرح سود میں بھی مزید کمی کا اعلان کیا جائے گا۔











