خوابوں کی دنیا !!!

0
10

خوابوں کی دنیا !!!

آج کل امریکہ میں ایک کے بعد ایک مسئلے تو ہماری فیملی لائف میں آہی رہے ہیں۔ اس کی وجہ غربت نہیں بلکہ امارت ہے اس ملک میں ایک بات جو سب سے اچھی ہے وہ یہ ہے کے اگر کوئی محنت کرے تو اس کی زندگی میں انقلاب ضرور آتا ہے ہمارے ملک سے آنے والے بے شمار لوگوں صرف محنت کے بل بوتے پر امیر سے امیر ہوتے گئے مگر اس امارت کے ساتھ ہی گھر میں ایسی خوشحالی آئی کہ آنکھیں چکا چوند ہوگئیں۔ بچوں نے یہاں کی تمام آسائشوں کو قبول کرتے ہوئے ہر طرح کی آزادی قبول کی اور بڑی بڑی مہنگی گاڑیاں دلائی گئیں۔ ان گاڑیوں کو تیز رفتاری سے چلانے میں بچوں کے حادثات بھی ہوئے ،کئی بچوں نے اپنی جانیں گنوا دیں۔ والدین کے لیے اس سے زیادہ دُکھ کی کیا بات ہوسکتی ہے کہ انہوں نے اپنی جوانی امتحانات دینے، پڑھنے، پیسہ کمانے میں لگا دی اور بڑھاپے میں اکلوتی اولاد گنوا دی(حال ہی میں کچھ لوگوں کے اکلوتے بچے حادثات کا شکار ہوئے کچھ لوگوں کے بچے ڈرگز اور شراب کے عادی ہوگئے۔ کچھ لوگوں کے بچے آوارہ گردی کا شکار ہو کر پڑھائی سے محروم رہے اور والدین کی محنت سے کمائی ہوئی جائیداد پر ہی اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔ یہ تو ہے اولاد کی بے راہ روی اب آتے ہیں بڑے لوگوں کی طرف جوانی تو اچھی گزار دی مگر بڑھتی ہوئی عمریں عجیب سی باتیں سمجھ رہی ہیں۔ عورتیں ہر طرح کی سرجری کرا کر جوان بن رہی ہیں۔ محنت کرنے کے بعد شوہر کی صحت اگر گر گئی ہے تو ان کو پرواہ نہیں ہے اگر بڑھاپے کی طرف مائل ہے تو اسے چھوڑ کر کہیں اور شادی کی فکر ہے۔ ہر بات بری لگ رہی ہے۔ آئیڈیل کی تلاش شروع ہوئی ہے۔ خوب سے خوب تر میں ہی زندگی کو بدلنا ہے۔ دوسری جانب مرد حضرات ہیں ان کو پیسہ آتے ہی اپنی بیوی بوڑھی نظر آرہی ہے اس کے اندر بے شمار خامیاں دکھ رہی ہیں۔ اب کسی اور عورت کی تلاش شروع ہوتی ہے اور پہلی کے بتائے بغیر شادی ہوتی ہے گاڑی بنگلہ بینک بلینس سب کچھ دوسری کو دیا جاتا ہے پہلی پریشان ہے کے میں نے دکھ سکھ میں ساتھ دیا اور اب اس آدمی کو کیا ہوا۔ یہ سب بتانے کا مقصد یہ ہے کے جہاں اور کمیونٹی کی برائیاں ہیں ان پر تنقید کرنے سے پہلے یہ سوچیں کے یہ برائیاں ہمارے اپنے گھر میں آرہی ہیں، پورے کے پورے خاندان خرابی کی طرف مائل ہیں۔ اگر اپنے خاندان کو بچانا چاہتے ہیں تو اپنے اخلاق اپنی اقدار کا دامن نہ چھوڑیں، آپ نے محنت کی ہے آپ کے بچوں کو آپ کے پیسے کی قدر ہونی چاہئے۔ میاں بیوی بھی ایک دوسرے کی قدر کریں بیٹھ کر مستقبل کی پلاننگ کریں۔ پیسہ آتے ہی سب خوابوں کی دنیا میں جینا شروع کردیتے ہیں اور جب آنکھ کھلتی ہے تو زندگی کی تخلیاں سب کو ہلا دیتی ہیں اور سارا خاندان ہی منتشر ہوجاتا ہے۔
٭٭٭