نیویارک(پاکستان نیوز) نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز ایک بار پھر خفیہ ایجنسی ایف بی آئی کے ریڈار پر، ایف بی آئی کے حکام نے میئر ایرک ایڈمز کے اعلیٰ معاونین اور قریبی دوستوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ نیویارک کی ڈپٹی میئر شینا رائٹ اور ڈپٹی میئر برائے عوامی تحفظ فلپ بینکس کی رہائش گاہوں پر چھاپوں کے دوران الیکٹرانک آلات، لیپ ٹاپ اور دیگر دستاویزات کو اپنے قبضہ میں لیکر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ رائٹ اور فل بینکس، میئر ایڈمز کی انتظامیہ کے اعلیٰ ترین عہدیدار ہیں جو وفاقی کارروائی میں پھنس گئے ہیں۔ میئر ایرک ایڈمز خود جولائی میں جیوری کے سامنے پیش ہوئے تھے اور اپنے اُوپر لگنے والے سنگین الزامات پر انہوں نے اپنا موقف پیش کیا تھا گزشتہ سال ماہ نومبر میں ایف بی آئی کے ایجنٹوں نے ان کے الیکٹرانک آلات ضبط کر لیے تھے اور چھان بین کرنے کے بعد وہ واپس کر دئیے گئے۔ ایف بی آئی میئر ایڈمز کے خلاف یہ تحقیقات بھی کر رہی ہے کہ انہوں نے اپنی 2021 کی انتخابی مہم کی فنڈ ریزنگ میں ترک حکومت سمیت دیگر غیر ملکی طاقتوں سے خطیر رقم اور دیگر تحائف وصول کیے جس سے امریکی مفادات کو نقصان پہنچا۔