افغانستان سے انخلاء پر اموات اور نقصان کیلئے بائیڈن ذمہ دار قرار

0
53

واشنگٹن(پاکستان نیوز) کانگریس کی فارن افیئرز کمیٹی میں ریپبلکنز کی جانب سے تحریر کردہ رپورٹ میں جو بائیڈن پر تنقید کی گئی ہے کہ وہ افغانستان سے انخلا کے ممکنہ نقصان دہ نتائج کو کم کرنے میں ناکام رہے ، رپورٹ میں امریکہ کی طویل ترین جنگ کے افراتفری پر خاتمے پر شدید تنقید کی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ صدر جو بائیڈن نے اتحادیوں اور مشیروں کے مشوروں سے قطع نظر فوری انخلا کر کے امریکی ساکھ کو نقصان پہنچایا، یہ فیصلہ سکیورٹی کی صورت حال اور دوحہ معاہدے کے بالکل خلاف تھا۔ بائیڈن انتظامیہ نے امریکی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جبکہ نیٹو ممالک کے تحفظات کو بھی اہمیت نہ دی جنہوں نے امریکہ کی حمایت میں افغانستان میں افواج تعینات کی تھیں۔ یہ رپورٹ کمیٹی کے ریپبلکن چیئر مین مائیکل میکول کی قیادت میں تین سالہ تحقیقات کے بعد مرتب کی گئی ، جس میں نائب صدر کملا ہیرس کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ صدر جو بائیڈن کو غلط مشورے دیتی رہیں۔ ڈیموکریٹس نے رپورٹ کی اشاعت کے وقت کو صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش قرار دیا ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹیشن پیٹ بلیک نے کہا کہ اگر ان کے پاس انخلا کے متعلق اندازہ لگانے کیلئے تین سال تھے تو وہ الیکشن کے موقع پر یہ رپورٹ کیوں پیش کر رہے ہیں، بائیڈن انتظامیہ کا فیصلہ تھا کہ اس جنگ کو پانچویں صدر کو وراثت میں نہ دیا جائے بلکہ ختم کر دیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here