نیویارک(پاکستان نیوز) نومنتخب صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ 20 جنوری کی تقریب حلف برداری سے پہلے یرغمالی رہا نہ کیے گئے تو مشرق وسطی کو جہنم بھگتنی ہوگی۔ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے انسانیت کے خلاف ان مظالم کا ارتکاب کیا وہ قیمت ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سب کے ذمہ داروں کو ایسا سبق دیا جائے گا جیسا پہلے کبھی امریکی تاریخ میں نہیں دیا گیا، یرغمالیوں کو فوری رہا کیا جائے۔ واضح رہے کہ حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی 14 ماہ کی جنگ میں 33 یرغمالی ہلاک اور کچھ لاپتا ہوچکے ہیں۔ حماس نے کہا کہ اسرائیل اپنی احمقانہ جنگ سے یرغمالیوں کو ہمیشہ کے لیے کھو سکتا ہے۔ حماس نے مزید کہا ہے کہ اسرائیل کو یرغمالیوں کے لیے جو کچھ کرنا ہے کرلے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے۔