اسلام آباد(پاکستان نیوز) پاکستان سے تربیت یافتہ نرسیں امریکہ بھیجنے کے معاملے میں پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ بات چیت کا آغاز ہو گیا ہے۔ پاکستان کے حکام پرامید ہیں کہ بات چیت میں کامیابی کی صورت میں رواں برس کے وسط میں پاکستان سے نرسیں امریکہ بھیجنے کا آغاز ہو سکتا ہے اور پہلے مرحلے میں 500 کے قریب نرسنگ سٹاف امریکہ بھیجا جا سکتا ہے۔ پاکستان کی وزارت سمندر پار پاکستانی کے سیکریٹری ڈاکٹر ارشد محمود کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نجی شعبے کی پاکستان سے نرسیں امریکہ بھیجنے کے معاملے پر معاونت کر رہی ہے جو پہلے سے اس پر کام کر رہا ہے۔ اس حوالے سے جلد امریکی حکام سے ملاقاتوں کا آغاز کریں گے۔ دوسری جانب اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اکمل خان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکہ کو نرسیں بھیجنے کے معاملے پر امریکی حکام سے بات چیت کا آغاز ہوا ہے جس میں انہیں مزید مثبت پیش رفت کی توقع ہے۔ ماہرین کے خیال میں کورونا وائرس کے بعد امریکہ میں ابھی تک پیرامیڈکس عملے کی کمی پوری نہیں کی جا سکی۔ اس تناظر میں پاکستان سمیت مخلتف ممالک سے تربیت یافتہ نرسیں امریکہ بھیجے جانے کے مواقع موجود ہیں۔ ان کے خیال میں پاکستان اس وقت دو سے چار ہزار نرسنگ سٹاف امریکہ بھیجنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔